وزیر اعلیٰ جناح ہسپتال کی حالت دیکھ کر برہم، ایم ایس کو ہٹا دیا

07-04-2023

(لاہور نیوز) نگران وزیر اعلیٰ پنجاب محسن رضا نقوی نے پی آئی سی اور جناح ہسپتال کے دورے کیے، جناح ہسپتال کی حالت زار دیکھ کر سخت برہمی کا اظہار کرتے ہوئے ایم ایس کو فوری طور پر ہٹانے کا حکم دے دیا۔

محسن رضا نقوی نے جناح ہسپتال میں سینئر پروفیسر کی عدم موجودگی کا سخت نوٹس لیتے ہوئے فوری انکوائری کا حکم دے دیا جبکہ پارکنگ پر اوور چارجنگ کرنے پر کنٹریکٹ منسوخ کر کے انتظام لاہور پارکنگ کمپنی کو دینے کا حکم دے دیا۔ نگران وزیر اعلیٰ نے 3 گھنٹے تک جناح ہسپتال کا دورہ کیا، انہوں نے میڈیکل یونٹ، چلڈرن او پی ڈی، ایمرجنسی، سرجیکل وارڈ، انجیوگرافی روم، کیپ لیب، اینڈوکرنالوجی سنٹر، سی سی یو، پرائیویٹ وارڈ، مفت ادویات کاؤنٹر، ہیلتھ کارڈ کاؤنٹر اور ڈائلیسز سنٹر میں انتظامات کا جائزہ لیا۔ محسن رضا نقوی نے مختلف وارڈز اور ویٹنگز روم میں مریضوں اور تیمارداروں سے خود صورتحال کے بارے میں دریافت کیا، مریضوں اور تیمارداروں نے وزیر اعلیٰ پنجاب کے سامنے شکایات کے انبار لگاتے ہوئے کہا کہ دیواروں اور چھتوں پر سیم ہے، تہہ خانے میں پینے کا پانی تھا نہ ہی ادویات اور طبی ٹیسٹ بھی نہیں ہو رہے تھے، بیڈز میں کھٹمل اور زمین پر کاکروچ پائے جاتے ہیں۔ مریضوں اور تیمار داروں نے مزید بتایا کہ مخصوص لیب سے ٹیسٹ کروانے پر مجبور کیا جاتا ہے، ہسپتال کے اکثر اے سی بند یا خراب حالت میں پائے گئے، وارڈز میں حبس اور گرمی سے مریض بے حال کوریڈور اور کمروں میں کاٹھ کباڑ کے ڈھیر لگے تھے، پینے کیلئے پانی نہیں، پیاس لگے تو باہر جانا پڑتا ہے، شکایات پر ایم ایس ڈاکٹر امجد محمود اور دیگر حکام لاجواب نظر آئے۔ نگران وزیر اعلیٰ نے شیخ اعجاز ٹرسٹ ڈائلیسز سنٹر کے دورے کے دوران مریضوں سے دی جانے والی سہولیات پر خوشی کا اظہار کیا اور چیئرمین بورڈ آف مینجمنٹ علامہ اقبال میڈیکل کالج گوہر اعجاز کی کوششوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ آپ کو ہماری مکمل سپورٹ حاصل ہے جو بھی ہسپتال کی بہتری کیلئے کام کرے گا اس کو ہم مکمل سپورٹ فراہم کریں گے۔ نگران وزیر اعلیٰ پنجاب نے لانڈری اور بیسمنٹ کے دورے پر خستہ حالی دیکھ کر برہمی کا اظہار کیا اور کل ہی بورڈ کا اجلاس بلا کر اس کو فوری طور پر بہتر کرنے کی ہدایت کی، بیسمنٹ پر پانی جمع ہونے پر کمشنر لاہور کو بھی فوری طور پر پانی کی نکاسی آب بہتر کرنے کی ہدایت جاری کی۔ نگران وزیر اعلیٰ نے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ میرے پاس جتنا وقت ہے اس دوران پوری کوشش ہے کسی بھی مریض کو ہسپتال میں تکلیف کا سامنا نہ کرنا پڑے، غفلت برتنے والوں کے ساتھ سختی سے نمٹا جائے گا، اس موقع پر صوبائی وزراء عامر میر، ڈاکٹر جاوید اکرم، چیف سیکرٹری، سیکرٹریز فنانس، ہیلتھ، کمشنر لاہور ڈویژن، ڈی جی پی آر اور دیگر متعلقہ حکام بھی موجود تھے۔