آمدن سے زائد اثاثوں کا کیس، عثمان بزدار آج بھی نیب پیش نہ ہوئے

07-04-2023

(لاہور نیوز) سابق وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے آمدن سے زائد اثاثوں کے کیس میں نیب کے روبرو پیش ہونے سے معذرت کرلی۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ سابق وزیراعلیٰ نے نمائندے کے ذریعے تحریری طور پر آج نیب پیش ہونے سے معذرت کی ہے، تحریری معذرت میں مؤقف اختیار کیا ہے کہ ذاتی مصروفیات کی وجہ سے نیب پیش نہیں ہو سکتا۔ عثمان بزدار نے نیب کی جانب سے دیے گئے 30 سوالوں پر مشتمل سوالنامہ کا جواب بھی اپنے نمائندے ذریعے نیب کو پیش کر دیا ہے۔ واضح رہے کہ نیب لاہور نے سابق وزیر اعلیٰ پنجاب کو آج 14 ویں مرتبہ طلب کیا تھا جبکہ سردار عثمان بزدار اب تک صرف 2 مرتبہ نیب لاہور کے روبرو پیش ہوئے ہیں۔