لنکا پریمیئر لیگ: بابراعظم نے جوئے کی تشہیر سے انکار کر دیا

07-04-2023

(ویب ڈیسک) قومی ٹیم کے کپتان بابراعظم نے لنکا پریمیئر لیگ میں جوئے کی تشہیر سے صاف انکار کر دیا۔

لنکا پریمیئر لیگ کا چوتھا ایڈیشن 30 جولائی سے 22 اگست تک منعقد ہوگا، کولمبو سٹرائیکرز نے بابراعظم کو اپنی ٹیم میں شامل کیا ہے، پاکستانی کپتان فرنچائز کی قیادت بھی کریں گے۔ لیگ میں جوئے کی کئی کمپنیز نام میں معمولی تبدیلی کر کے تشہیر کرتی ہیں، کولمبو کا بھی ایسی ہی ایک کمپنی سے معاہدہ ہے، البتہ بابراعظم نے اس کا لوگو شرٹ پر لگانے سے واضح الفاظ میں انکار کر دیا۔ ذرائع نے بتایا کہ سٹار بیٹر نے اس بات کو اپنے معاہدے کا بھی حصہ بنایا ہے، فرنچائز نے بھی ان کی خواہش کا احترام کرنے کا فیصلہ کرلیا، پاکستان ٹیم کو رواں ماہ سری لنکا میں 2 ٹیسٹ کی سیریز کھیلنا ہے، اس کے بعد افغانستان سے آئندہ ماہ تین ون ڈے انٹرنیشنل میچز ہوں گے، بابر اس وجہ سے لنکا پریمیئر لیگ کیلئے مکمل طور پر دستیاب نہیں ہوں گے، وہ قومی ذمہ داریوں سے فراغت پر ہی سری لنکا جائیں گے۔ یاد رہے کہ پی ایس ایل 8 کے دوران محمد رضوان نے ملتان سلطانز کی شرٹ پر سیروگیٹ ایڈورٹائزنگ کمپنی کا لوگو لگانے سے انکار کر دیا تھا۔ انہوں نے سٹیکر سے لوگو چھپا کر میچ میں حصہ لیا، کئی دیگر کھلاڑیوں نے بھی ناخوشی ظاہر کی لیکن انہیں فرنچائزز نے منا لیا تھا۔ بابر اور رضوان حال ہی میں فریضہ حج کی ادائیگی کے بعد وطن واپس آئے ہیں،دونوں اب کراچی میں شیڈول قومی تربیتی کیمپ میں شریک ہوں گے۔