وزیراعلیٰ محسن نقوی کا پی آئی سی کا دورہ، پرانی ایمرجنسی فعال کرنے کا حکم

07-04-2023

(لاہور نیوز) نگران وزیراعلیٰ پنجاب اچانک دورے پر پنجاب انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی پہنچ گئے، محسن نقوی نے ہسپتال کی پرانی ایمرجنسی کا معائنہ کیا اور اسے جلد دوبارہ فعال کرنے کا حکم دے دیا۔

وزیراعلیٰ محسن نقوی نے پی آئی سی میں دل کے مریضوں کے لیے فراہم کردہ سہولتوں کا جائزہ لیا، انہوں نے ایمرجنسی وارڈ میں مریضوں کی خیریت دریافت کی اور سہولیات بارے استفسار کیا، محسن نقوی نے مریضوں سے بائی پاس اور پرائمری انجیوگرافی کی سہولت بارے بھی دریافت کیا۔ مریضوں اور تیمارداروں نے پی آئی سی میں علاج معالجے کی سہولتوں پر اطمینان کا اظہار کیا، محسن نقوی نے ہسپتال میں صفائی کے انتظامات کا بھی جائزہ لیا، وزیراعلیٰ نے ہسپتال میں داخل مریضوں کا ریکارڈ بھی چیک کیا۔ وزیراعلیٰ محسن نقوی کا کہنا تھا کہ پرانی ایمرجنسی دوبارہ فعال ہونے سے مریضوں کے لیے مزید بیڈز کی گجائش پیدا ہو گی، ہیلتھ کیئر کی معیاری سہولتوں کی فراہمی کے لئے ہسپتالوں کے دورے کر رہا ہوں، پی آئی سی میں علاج معالجے کی سہولتوں میں بہتری آئی ہے۔ محسن نقوی کا مزید کہنا تھا کہ ڈاکٹرز، نرسز اور پیرا میڈیکل سٹاف ڈیوٹی پر موجود اور دکھی انسانیت کی خدمت میں مصروف  ہیں، دکھی انسانیت کی خدمت عبادت سے کم نہیں۔ صوبائی وزراء عامر میر، منصور قادر، معروف ماہر امراض قلب ڈاکٹر فرقد عالمگیر بھی اس موقع پر وزیراعلیٰ کے ہمراہ تھے۔