3 ارب ڈالر معاہدہ: پاکستان نے آئی ایم ایف کو لیٹر آف انٹینٹ کی کاپی بھجوا دی

07-03-2023

(لاہور نیوز) پاک آئی ایم ایف 3 ارب ڈالر سٹینڈ بائی ارینجمنٹ معاہدہ کے سلسلہ میں پاکستان نے آئی ایم ایف کو لیٹر آف انٹینٹ کی کاپی بھجوا دی۔

ذرائع کے مطابق لیٹر آف انٹینٹ پر وزیر خزانہ اور گورنر سٹیٹ بینک کے دستخط موجود ہیں، پاکستان نے لیٹر آف انٹینٹ میں آئی ایم ایف کو متعدد یقین دہانیاں کرائیں۔پاکستان نے آئی ایم ایف کو 9 ماہ کے دوران کوئی نئی ٹیکس ایمنسٹی سکیم نہ دینے کی یقین دہانی کرائی ہے، پاکستان کی طرف سے آئی ایم ایف کو یقین دلایا گیا ہے کہ تجارت پر پابندیاں بھی ختم کر دی جائیں گی۔ آئی ایم ایف کو یقین دہانی کرائی گئی ہے کہ پاکستان قرض دینے والے دوست ممالک اور اداروں کی یقین دہانیوں پرعمل درآمد کرائے گا، پاکستان کی طرف سے آئی ایم ایف کو اپنے غیر ملکی زرمبادلہ کے ذخائر بڑھانے اور سرکاری اداروں میں اصلاحات کی بھی یقین دہانی کرائی گئی ہے۔ ذرائع کے مطابق آئی ایم ایف ایگزیکٹو بورڈ 12 جولائی کو پاکستان کے لیٹر آف انٹینٹ (قرض کی درخواست) پر غور کرے گا، آئی ایم ایف بورڈ سے منظوری کے 3، 4 دن بعد پاکستان کو ایک ارب ڈالر کی قسط مل جائے گی۔معاہدے کے بعد آئی ایم ایف کی طرف سے پاکستان کو دی جانے والی پہلی قسط کا حجم ایک اعشاریہ ایک ارب ڈالر ہو گا۔