قومی کمیشن برائے بین المذاہب مکالمہ کی سویڈن میں قرآن پاک کی بے حرمتی کی مذمت

07-03-2023

(لاہور نیوز) قومی کمیشن برائے بین المذاہب مکالمہ نے سویڈن میں قرآن پاک کی بے حرمتی کی مذمت کی۔

سویڈن میں قرآن پاک کی بے حرمتی کے معاملے پر قومی کمیشن برائے بین المذاہب مکالمہ کے قائدین نے لاہور میں نیوز کانفرنس کی۔ چیئرمین قومی کمیشن برائے بین المذاہب مکالمہ آرچ بشپ سبسٹین فرانسس شاء نے کہا کہ عالمی امن کو تباہ کرنے کی کوشش کی گئی۔ دن بھی عید الاضحیٰ کا تجویز کیا گیا۔ ہم سب پاکستانی ہیں، ایسے واقعات میں جوش و ہوش کے ساتھ کام لینا ہو گا تاکہ شرارتی شخص کی پلاننگ کامیاب نہ ہو سکے۔ چیئرمین کل مسالک علماء بورڈ مولانا محمد عاصم مخدوم کا کہنا تھا کہ سویڈن کے واقعہ کی جتنی بھی مذمت کی جائے کم ہے۔ اس شخص کو کیفر کردار تک پہنچایا جائے جس نے قرآن کے ساتھ گستاخی کی۔ انکا کہنا تھا کہ پاکستان میں اقلیتوں کو جو دھمکیاں دی جا رہی ہیں وہ افسوسناک ہے۔ سکھ رہنما سردار کلیان سنگھ اور مولانا عاشق حسین کا کہنا تھا کہ عالم امن کے دشمن مذہبی گستاخی کرکے امن کو سبوتاژ کرتے ہیں۔ اقوام متحدہ اگر زندہ ملکوں کی تنظیم ہے تو سویڈن کو کٹہرے میں لا کر پابند کیا جائے۔ مذہبی کتابوں کی گستاخی رو کی جائے وگرنہ مذہب کے نام پر تیسری عالمی جنگ چھڑ سکتی ہے۔