نگران پنجاب حکومت نے منصوبوں کی تکمیل کیلئے ایل ڈی اے کے اہداف مقرر کر دئیے

07-03-2023

(لاہور نیوز) آئندہ مالی سال 24-2023 کا آغاز ہوتے ہی نگران پنجاب حکومت نے جاری منصوبوں کی تکمیل کیلئے ایل ڈی اے کے اہداف مقرر کر دئیے۔

ٹھیکوں میں شفافیت پیدا کرنے کے لئے ای کنسٹرکشن سروس پورٹل کے قیام کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ پورٹل کے لئے 29 کروڑ 15 لاکھ روپے کا تخمینہ لگایا گیا۔ پورٹل کی تیاری کے لیے رواں مالی سال 11 کروڑ 17 لاکھ روپے خرچ کئے جائیں گے۔ خواجہ احمد حسان روڈ کی مرمت و بحالی، بہار شاہ روڈ کی مرمت اور بحالی منصوبے کا ہدف بھی دے دیا گیا۔ دونوں منصوبوں کے لئے بالترتیب 5 کروڑ اور 13 کروڑ 6 لاکھ روپے خرچ کئے جائیں گے۔ 2017ء میں دیئے گئے لاہور ڈویلپمنٹ پیکیج کو اس مالی سال میں مکمل کیا جائے گا۔ 2023-24 کے مالی سال میں لاہور ڈویلپمنٹ پیکیج کے منصوبوں کو مکمل کرنے کا ہدف دیا گیا ہے۔ سپورٹس کمپلیکس رکھ شاہدرہ، سبزہ زار، سنگھ پورہ، چائنہ سکیم کو مکمل کرنے کا ہدف مقرر کیا گیا۔ سپورٹس کمپلیکس ٹاؤن شپ، کینال بینک، کاہنہ ،این اے 119 اور 120 کو مکمل کیا جائے گا۔ ایل ڈی اے نے اہداف کی تکمیل کے لئے ایک ارب روپے سے زائد کے فنڈز کے اجراء کی استدعا کر دی۔