شہر کے مختلف علاقوں سے پانچ لاشیں برآمد، پولیس تحقیقات کا آغاز

07-03-2023

(لاہور نیوز) شہر کے مختلف علاقوں سے 5 افراد کی لاشیں ملی ہیں، پولیس اور تحقیقاتی اداروں نے شواہد اکٹھے کر کے تحقیقات کا آغاز کر دیا، تمام لاشوں کو ایدھی ایمبولینس کے ذریعے مردہ خانے منتقل کر دیا گیا۔

ترجمان ایدھی کے مطابق لاری اڈا ، بادامی باغ ، اسلام پورہ ، نواب ٹاؤن  اور نشتر کالونی کے علاقوں سے 5   افراد کی لاشیں  ملی ہیں، بادامی باغ کے علاقہ میں 25 سالہ نوجوان نے گلے میں پھندا ڈال کر زندگی کا خاتمہ کر لیا، لاری اڈا کے علاقہ سے 50 سالہ نامعلوم شخص کی سڑک کنارے سے لاش برآمد ہوئی۔ ایدھی ترجمان نے بتایا کہ اسلام پورہ ٹاؤن ہال چوک کے فٹ پاتھ سے 60 سالہ نامعلوم شخص کی لاش ملی، نواب ٹاؤن کے علاقہ رسول پورہ چوک میں 55 سالہ شخص سڑک کنارے  مردہ حالت میں پایا گیا۔ ترجمان کا مزید کہنا تھا کہ نشتر کالونی بینک سٹاپ پرنجی پٹرول پمپ کے عقب سے بھی ایک لاش ملی جس کی شناخت نشتر کالونی کے  وقاص کے نام سے ہوئی ہے، تمام نعشوں کو مردہ خانے منتقل کردیا گیا ہے۔