مہنگائی کے باعث گھریلو جھگڑوں کی شرح میں اضافہ، ڈپریشن کے مریض بڑھ گئے

07-03-2023

(لاہور نیوز) مہنگائی کے باعث گھریلو جھگڑوں کی شرح کئی فیصد تک بڑھ گئی، ڈپریشن اور بلڈپریشر کے مریضوں کی تعداد میں بھی اضافہ ہو گیا، ماہرین نے شدید معاشرتی عدم توازن پیدا ہونے کے خدشات ظاہر کردیئے۔

اپنے ملبوسات بیچ کر مہنگائی کم کرنے کا دعویٰ کرنے والوں کو اقتدار سنبھالے 13  ماہ سے زائد گزر چکے ہیں، اِس عرصے کے دوران مہنگائی کم تو  کیا ہونا تھی بلکہ اِس نے تاریخ کے تمام ریکارڈ پاش پاش کردیئے ہیں، مہنگائی کی 39 فیصد تک پہنچ جانے والی شرح نے عام آدمی کا جینا دوبھر کردیا۔ مہنگائی کے باعث گھریلو لڑائی جھگڑوں کی شرح میں بھی 25 سے 30 فیصد تک اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے، اِس صورتحال کے باعث ڈپریشن اور ہائی بلڈ پریشر کے مریضوں کی تعداد میں بھی قابل ذکر اضافہ دیکھنے میں آرہا ہے، حکومتی ارباب اختیار کی طرف سے اپنی مراعات بڑھاتے چلے جانے کے باعث جہاں عوامی سطح پر غم وغصے میں اضافہ ہورہا ہے وہیں شدید معاشرتی عدم توازن بھی پیدا ہورہا ہے۔