حکومت نے نجم سیٹھی دور کے تمام ریکارڈ دوبارہ طلب کر لیے

07-02-2023

(لاہور نیوز) پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) میں مبینہ بے ضابطگیوں کے معاملے پر پی سی بی ریکارڈ کی فراہمی سے گریزاں ہے جبکہ وفاقی حکومت نے نجم سیٹھی دور کی مینجمنٹ کمیٹی کا تمام ریکارڈ دوبارہ مانگ لیا ہے۔

حکومت نے پی سی بی چیف آپریٹنگ آفیسر سلمان نصیر کو دوبارہ یاد دہانی کا خط لکھا ہے جس میں نجم سیٹھی دور میں ہونے والی بھرتیوں کا تمام ریکارڈ فراہم کرنے کی ہدایت کی گئی ہے، کوچز سمیت کنٹریکٹ اور مستقل بنیادوں پر رکھے گئے تمام افراد کا ڈیٹا بھی فراہم کرنے کا کہا گیا ہے۔ خط میں کہا گیا ہے کہ پی سی بی نجم سیٹھی مینجمنٹ کمیٹی کے دور میں ہونے والے اخراجات کے تمام ریکارڈ کی فراہمی یقینی بنائے، مینجمنٹ کمیٹی کے ممبران پر اٹھنے والے اخراجات اور نجم سیٹھی دور میں ہونے والے معاہدوں کی تفصیلات بھی فراہم کی جائیں۔ مینجمنٹ کمیٹی کے دور میں کوچز اور آفیشلز کیخلاف کتنی انکوائریاں ختم کی گئی ہیں، حکومت نے پاکستان کرکٹ بورڈ کو تمام ریکارڈ 4 جولائی تک فراہم کرنے کی تنبیہ کی ہے، وزارت بین الصوبائی رابطہ یاد دہانی خطوط 16 مئی اور پھر 2، 13 اور 22 جون کو بھی لکھ چکی ہے۔