ایئرپورٹ: جعلی سفری ویزہ پر ہنگری جانے والا مسافر آف لوڈ

07-02-2023

(لاہور نیوز) وفاقی تحقیقات ایجنسی (ایف آئی اے) امیگریشن نے لاہور ایئرپورٹ پر کارروائی کرتے ہوئے جعلی سفری دستاویزات پر بیرون ملک جانے والے مسافر کو جہاز سے آف لوڈ کردیا۔

ذرائع کے مطابق مسافر شاہد علی تعلیم کے غرض سے ہنگری جا رہا تھا، مسافر کے پاسپورٹ پر ہنگری کا جعلی تعلیمی ویزا اسٹیکر لگا ہوا تھا، ایف آئی اے نے مسافر شاہد علی کو آف لوڈ کر دیا۔ ابتدائی تفتیش کے مطابق مسافر کے بہنوئی نے 20 لاکھ کے عوض ویزا حاصل کیا تھا۔ مسافر کو ایجنٹ کی نشاندہی اور مزید قانونی کارروائی کے لئے اینٹی ہیومن ٹریفکنگ سرکل منتقل کر دیا گیا ہے۔