پی ٹی آئی سیاسی جماعت نہیں بلکہ شرپسندوں کا ٹولہ ہے: رانا تنویر حسین
07-02-2023
(ویب ڈیسک) وفاقی وزیر تعلیم و رہنما مسلم لیگ ن رانا تنویر حسین نے کہا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف سیاسی جماعت نہیں بلکہ شرپسندوں کا ٹولہ ہے۔
رانا تنویر حسین کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی چیئرمین نے گزشتہ چار سالوں میں ہماری نوجوان نسلوں کے ذہنوں کو واش کیا، گالم گلوچ کو فروغ دیا، 9 مئی کو ہمارے شہداء کی بے حرمتی کی گئی، شہیدوں کے مجسموں کو توڑا گیا۔ انہوں نے کہا کہ بھارتی وزیراعظم مودی نے کہا ہے کہ پاکستان کے ساتھ جو پی ٹی آئی چیئرمین نے کر دیا ہے کافی ہے، ہمیں کچھ کرنے کی ضرورت نہیں، پی ٹی آئی چیئرمین کی لاکھ کوششوں کے باوجود شہباز شریف نے آئی ایم ایف سے معاہدہ کر لیا ہے۔ وفاقی وزیر تعلیم کا مزید کہنا تھا کہ مسلم لیگ ن نے اپنے ادوار میں موٹروے، ایئرپورٹس بنائے، ہم نے ایٹمی دھماکے کئے، پی ٹی آئی چیئرمین نے اپنے چار سالہ دور میں ملک میں غیر شرعی روایات کو فروغ دیا، مسلم لیگ ن آئندہ الیکشن میں واضح اکثریت حاصل کرے گی۔