شہر کی چمڑہ منڈی کے کاروبار میں تیزی آ گئی

07-02-2023

(لاہور نیوز) عید گزرنے کے بعد چمڑے کے کاروبار میں تیزی آگئی، شہر کی چمڑہ منڈی میں قربانی کے جانوروں کی کھالیں بیچنے کے لئے لائی جا رہی ہیں۔

مارکیٹ میں گائے اور بیل  کی کھال کا ریٹ 2500 روپے مقرر کیا گیا ہے، بھینس اور کٹے کی کھال 1500 روپے  اور اونٹ کی کھال 500 روپے میں فروخت ہور ہی ہے جبکہ بکرے کی کھال 450 روپے، دنبے اور چھترے کی کھال کا ریٹ 100روپے متعین کیا گیا ہے۔ چمڑہ منڈی کے نائب صدر حاجی نصیر نے بتایا ہے کہ اس سال قربانی کی تعداد میں اضافہ ہوا، مارکیٹ میں چھوٹے جانوروں کی کھالیں زیادہ لائی گئی ہیں، لوگ قربانی کے بعد گوشت تقسیم کرکے کھال یہاں لاتے ہیں، کھال گلنے کا عمل تیزی سے شروع ہوجاتا ہے، اس کا پراسیس جلد از جلد کرنا لازمی ہے۔ ادھر بیوپاریوں کا کہنا ہے کہ گرم موسم اور کھال کو محفوظ بنانے کے عمل میں تاخیر کوالٹی پر شدید اثرانداز ہوتی ہے، چمڑہ منڈی میں  قربانی کے جانوروں کی کھالوں کو نمک لگا کر محفوظ بنایا جاتا ہے ۔