عید قرباں پر بہترین صفائی انتظامات، لاہور پھر بازی لے گیا

07-02-2023

(لاہور نیوز) عید قربان پر صفائی کے بہترین انتظامات کے حوالے سے لاہور ایک بار پھر بازی لے گیا، لاہور کی کارکردگی تمام اضلاع و ڈویژن سے بہتر رہی، وزیر اعلیٰ اور چیف سیکرٹری نے لاہور کی ٹیم کو خصوصی شاباش دی ۔

لاہور ویسٹ مینجمنٹ کمپنی  (ایل ڈبلیو ایم سی ) ٹیموں نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے عید کے تینوں روز مسلسل صفائی آپریشن جاری رکھا، آلائشوں کی کلیکشن اور ان کو ٹھکانے لگانے  کے عمل میں تیزی رہی۔ لاہور والڈ سٹی فوڈ سٹریٹ میں ایل ڈبلیو ایم سی ٹیموں کی حوصلہ افزائی کیلئے عید صفائی مہم کی اختتامی تقریب منعقد ہوئی جس میں کمشنر لاہور محمد علی رندھاوا ،ڈی سی رافعہ حیدر اور  سی ای او ایل ڈبلیو ایم سی  بابر صاحب دین نے شرکت کی۔ اس موقع پر کمشنر لاہور محمد علی رندھاوا نے کہا کہ  صفائی کا عملہ ہمارا ہیرو اوراصل شاباش کا مستحق ہے،  عید کے تینوں روز کم سے کم  وقت میں شہر کو زیرو ویسٹ بنایا گیا، 55 ہزار ٹن سے زائد آلائشیں اور ویسٹ ٹھکانے  لگایا گیا ۔ ڈپٹی کمشنر  را فعہ  حیدر کا اس موقع پر کہنا تھا کہ 72 گھنٹوں سے زائد آپریشن میں 15 ہزار سے زائد عملے و افسران نے حصہ لیا۔ سی ای او ایل ڈبلیو ایم سی بابر صاحب دین نے کہا کہ سارا کریڈٹ ہمارے ورکرز کو جاتا ہے،لاہور کے لوگوں کا شکریہ جنہوں نے بھرپور تعاون کیا۔ تقریب میں ایل ڈبلیو ایم سی کے ورکرز نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔