عید کا تیسرا روز: آج بھی سنت ابراہیمی کی ادائیگی کا سلسلہ جاری

07-01-2023

(لاہور نیوز) ملک بھر میں عیدالاضحیٰ کے تیسرے دن بھی قربانی، ملنے ملانے اور دعوتوں کا سلسلہ جاری رہے گا، عوام سیر وتفریح کیلئے پارکوں کا رخ بھی کریں گے۔

ملک بھر میں تیسرے روز بھی سنت ابراہیمی کی پیروی میں جانوروں کی اجتماعی اور انفرادی قربانی کا سلسلہ جاری ہے، قربانی سے فارغ ہو جانے والے افراد گوشت کی تقسیم میں مصروف ہیں۔ خواتین گوشت کو محفوظ کرنے اور مزے مزے کے کھانوں کے ذریعے دستر خوان کی شان بڑھا رہی ہیں۔ دوسری جانب ایسے لوگوں کی بھی کمی نہیں جو قربانی کے گوشت میں پیشہ ور کبابیوں کا ذائقہ چاہتے ہیں، اس کیلئے معروف باورچیوں اور کبابیوں کی خدمات پہلے ہی حاصل کر لی گئی ہیں۔ جن افراد نے عیدالاضحیٰ کے پہلے اور دوسرے دن قربانی فریضہ سر انجام دے دیا وہ مہمانوں کے استقبال اور عزیز و اقارب سے ملاقاتوں میں مصروف ہیں۔ سنت ابراہیمی کی ادائیگی اور کھابوں سے فارغ ہو کر بچوں کے ساتھ بڑے بھی آج سیر و تفریح کیلئے پارکوں کا رخ کریں گے۔