شاہین آفریدی نے وائٹیلٹی ٹی 20 ٹورنامنٹ میں تاریخ رقم کر دی

07-01-2023

(ویب ڈیسک) پاکستان کرکٹ ٹیم کے فاسٹ باؤلر شاہین شاہ آفریدی نے انگلینڈ اینڈ ویلز کرکٹ بورڈ کے زیر اہتمام جاری وائٹیلٹی ٹی 20 کرکٹ ٹورنامنٹ میں تاریخ رقم کر دی۔

شاہین آفریدی نے ناٹنگھم شائر کی جانب سے برمنگھم بیئرز کے خلاف باؤلنگ کرتے ہوئے اپنے پہلے ہی اوور میں 4 وکٹیں حاصل کر کے وائٹیلٹی ٹی 20 ٹورنامنٹ میں تاریخ رقم کی۔ شاہین نے اپنے پہلے اوور کی پہلی گیند پر الیکس ڈیوس کو ایل بی ڈبلیو، دوسری گیند پر کرس بینجمن کو کلین بولڈ، پانچویں گیند پر ڈی آر موسلی کو کیچ آؤٹ، اور اوور کی آخری گیند پر ای جی برنارڈ کو بولڈ کیا۔ فاسٹ باؤلر نے میچ کے دوران 4 اوورز میں 29 رنز کے عوض 4 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔ علاوہ ازیں مذکورہ میچ میں شاہین کی ٹیم ناٹنگھم شائر کو برمنگھم بیئرز کے ہاتھوں 2 وکٹوں سے شکست کا سامنا کرنا پڑا۔