پاکستان کو زیادہ مالیاتی ڈسپلن دکھانا ہوگا: آئی ایم ایف کا اعلامیہ

06-30-2023

(لاہور نیوز) عالمی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) نے کہا ہے کہ پاکستان کو زیادہ مالیاتی ڈسپلن دکھانا ہو گا۔

آئی ایم ایف کی جانب سے پاکستان سے سٹینڈ بائی ارینجمنٹ معاہدے پر اعلامیہ جاری کیا گیا ہے جس میں کہا گیا ہے کہ پاکستان نے حال ہی میں کئی اقدامات کئے ہیں، حالیہ بجٹ میں آمدن بڑھانے اور معاشی استحکام کے اقدامات کئے گئے، بجٹ میں پرائمری سرپلس بجٹ کا 0.4 فیصد کرنے کے اقدامات کئے گئے۔اعلامیے میں آئی ایم ایف نے کہا ہے کہ نئے بجٹ پر عمل درآمد کو یقینی بنانا اہم ہوگا، بجٹ میں نئے سیکٹرز کو ٹیکس نیٹ میں لانے کا فیصلہ کیا گیا ہے، بی آئی ایس پی کے ذریعے سماجی تحفظ کے اقدامات کئے گئے، پاکستان نے ٹیکس چھوٹ اور غیر بجٹ شدہ اخراجات کے پریشر پر مزاحمت کی ہے۔ عالمی مالیاتی ادارے کا کہنا ہے کہ سٹیٹ بینک نے درآمدات پر پابندی ہٹا دی ہے، سٹیٹ بینک نے ڈالر کا مارکیٹ ریٹ مقرر کرنے کی یقین دہانی کرائی ہے، حکومت جنیوا کانفرنس سے فنڈنگ کی یقین دہانیوں پر عمل درآمد کی کوشش جاری رکھے۔آئی ایم ایف نے کہا ہے کہ بیرونی ممالک سے مزید فنڈز کیلئے کوششیں جاری رکھی جائیں، توانائی کے شعبے میں بروقت سالانہ ری بیسنگ کو یقینی بنایا جائے، قرض پروگرام کی کامیابی کیلئے مکمل اور بروقت عمل درآمد ضروری ہے، معاہدہ پاکستان کی بیرونی ادائیگیوں کا دباؤ کم کرے گا۔ اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ معاہدے سے سماجی شعبے کیلئے فنڈز کی فراہمی بہتر ہوگی، معاہدے کے مطابق پاکستان ٹیکسز کی آمدن بڑھائے گا، ٹیکس کی آمدن بڑھنے سے عوام کی ترقی کیلئے فنڈنگ بڑھ سکے گی، معاہدہ پاکستان میں مالی نظم و ضبط کا باعث بنے گا۔