آئی ایم ایف معاہدے سے معاشی استحکام حاصل کرنے میں مدد ملے گی: وزیراعظم

06-30-2023

(لاہور نیوز) وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ آئی ایم ایف معاہدے سے معاشی استحکام حاصل کرنے اور ملک کو ترقی کی راہ پر گامزن کرنے میں مدد ملے گی۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر جاری ایک بیان میں وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ مجھے اعلان کرتے ہوئے خوشی ہو رہی ہے کہ پاکستان کا آئی ایم ایف کے ساتھ سٹاف لیول معاہدہ ہوگیا ہے، 9 ماہ کے لیے 3 ارب امریکی ڈالرز کے سٹینڈ بائی ارینجمنٹ کا آئی ایم ایف کے ساتھ معاہدہ ہوا ہے۔ وزیراعظم نے کہا کہ یہ معاہدہ پاکستان کے زرمبادلہ کے ذخائر کو بہتر کرنے میں معاون ہو گا، اس سے معاشی استحکام لانے اور ملک کو ترقی کی راہ پر گامزن کرنے میں مدد ملے گی۔   وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ آئی ایم ایف کی مینیجنگ ڈائریکٹر اور ان کی ٹیم کے تعاون پر ان کا شکرگزار ہوں ، وزیراعظم نے وزیر خزانہ اسحاق ڈار اور وزارت خزانہ کی ٹیم کی کوششوں کی بھی تعریف کی۔   وزیراعظم کامعاہدے پرقوم کواعتماد میں لینے کا فیصلہ  وفاقی وزیرِ اطلاعات و نشریات مریم اورنگزیب کے مطابق وزیرِاعظم شہباز شریف آج وزیرِخزانہ اسحاق ڈار کے ساتھ سہہ پہر 4 بجے لاہور میں پریس کانفرنس کریں گے۔ مریم اورنگزیب کا یہ بھی کہنا ہے کہ وزیرِ اعظم شہباز شریف آئی ایم ایف سے ہونے والے سٹاف لیول معاہدے سے متعلق قوم کو اعتماد میں لیں گے۔   پاکستان اور آئی ایم ایف کا معاہدہ عالمی مالیاتی ادارے (آئی ایم ایف) اور پاکستان کے درمیان 3 ارب ڈالر کا یہ سٹینڈ بائی ارینجمنٹ کا معاہدہ ہے۔ اعلامیے کے مطابق آئی ایم ایف ایگزیکٹو بورڈ اسٹاف لیول معاہدے کی منظوری دے گا اور ایگزیکٹو بورڈ کا اجلاس جولائی کے وسط میں ہو گا۔ اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ معاہدہ پاکستان کی بیرونی ادائیگیوں کا دباؤ کم کرے گا اور معاہدے سے سماجی شعبے کے لیے فنڈز کی فراہمی بہتر ہو گی جب کہ معاہدے پاکستان میں ٹیکسز کی آمدن بڑھائے گا۔ اعلامیے میں مزید کہا گیا ہے کہ ٹیکس کی آمدن بڑھنے سے عوام کی ترقی کے لیے فنڈنگ بڑھ سکے گی، معاہدہ پاکستان میں مالی نظم و ضبط کا باعث بنے گا اور معاہدے سے توانائی کی اصلاحات یقینی بنائی جائیں گی جبکہ  ایکس چینج ریٹ کو مارکیٹ کے حساب سے مقرر کیا جائے گا۔