معاشی میدان سے بڑی خبر، آئی ایم ایف کا پاکستان کیساتھ سٹاف لیول معاہدہ

06-30-2023

(ویب ڈیسک) معاشی میدان سے بڑی خبر آ گئی، عالمی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) نے پاکستان کے ساتھ سٹاف لیول معاہدہ کر لیا۔

 آئی ایم ایف نے 3 ارب ڈالر کا سٹاف لیول معاہدہ کرنے کا اعلان کر دیا، پاکستان اور آئی ایم ایف کے درمیان سٹینڈ بائی ارینجمنٹ کا معاہدہ طے پایا ہے۔ وزارت خزانہ حکام کے مطابق آئی ایم ایف کیساتھ سٹاف لیول معاہدے کیلئے شرائط پوری کر دی تھی جس کے بعد معاملات اصولی طور پر طے پا گئے ہیں۔ معاہدے سے مشکلات کا شکار پاکستانی معیشت کو استحکام ملے گا، معاہدے کا حتمی اعلان آئی ایم ایف بورڈ کی منظوری کے بعد ہو گا۔   سٹینڈ بائی ارینجمنٹ کیا ہے؟ سٹینڈ بائی ارینجمنٹ قلیل مدتی فنانسنگ ہوتی ہے، اس کی مدت 12 سے 24 ماہ تک جبکہ 36 ماہ سے زیادہ نہیں ہوتی۔ قرض ساڑھے 3 سے 5 سال میں واپس کرنا ہوتا ہے، شرح سود عالمی مارکیٹ کے مطابق مگر نجی قرضوں سے کم ہوتی ہے اور اس میں شرائط بھی کم ہوتی ہیں۔ گزشتہ دنوں عالمی مالیاتی ادارے (آئی ایم ایف) کے مشن چیف نیتھن پورٹر نے کہا تھا کہ پاکستان کے ساتھ جلد معاہدے کیلئے کوششیں کر رہے ہیں، پاکستان کے ساتھ مذاکرات جاری رکھیں گے۔