وزیر اعظم کا ایرانی اور آزربائیجان کے صدور کو ٹیلی فون، عید کی مبارکباد دی

06-29-2023

(لاہور نیوز) وزیر اعظم شہباز شریف نے ایران اور آزربائیجان کے صدور کو ٹیلی فون کر کے عید کی مبارکباد دی۔

وزیراعظم شہبازشریف نے عید کے موقع پر ایران کی قیادت اور عوام کیلئے نیک تمناؤں کا اظہار کیا، ایرانی صدر سید ابراہیم رئیسی نے بھی پاکستانی قیادت اور عوام کو عید کی مبارکباد دی اور خیر سگالی کے جذبات کا اظہار کیا۔دونوں قائدین نے برادر ہمسایہ ممالک کے درمیان باہمی تعاون کو مزید فروغ دینے کے عزم کا اعادہ کیا اور سرحد پر مارکیٹس کے قیام کو دوطرفہ معاشی و تجارتی تعاون کے فروغ کی جانب اہم قدم قرار دیا، ایرانی صدر نے عید کی مبارک دینے پر وزیراعظم شہباز شریف کا شکریہ ادا کیا۔ وزیراعظم شہباز شریف نے آزربائیجان کے صدر الہام علیوف کو بھی ٹیلی فون کر کے عید کی مبارکباد دیتے ہوئے عوام اور حکومت کیلئے نیک تمناؤں کا پیغام دیا، صدر الہام علیوف نے بھی خیرسگالی کے گرمجوش جوابی جذبات کا اظہار کیا۔ وزیراعظم نے آزربائیجان کے ساتھ دوطرفہ تعاون کے عمل کو تیز کرنے کا عزم ظاہر کیا، شہباز شریف نے آزربائیجان سے ایل این جی کی فراہمی کا عمل تیز کرنے کی امید کا بھی اظہار کیا، صدر الہام علیوف نے بھی عید کی مبارکباد دینے پر وزیر اعظم شہباز شریف کا شکریہ ادا کیا۔