عید کا تہوار : فوجی جانباز سرحدوں کی حفاظت پر مامور

06-29-2023

(لاہور نیوز) عید کا تہوار ہو یا پھر خوشی کے لمحات ، ہمارے جانباز اپنے پیاروں سے دور، سرحدوں کی حفاظت پر مامور ہوتے ہیں۔

 عید کے موقع پر اپنے گھر والوں سے دوری کسی بڑی قربانی سے کم نہیں۔ وطن عزیز کے بہادر بیٹے عید پر بھی سرحدوں کی حفاظت پر تعینات ہیں۔ پاک فوج کے جوان وطنِ عزیزکے دفاع کے لئے پرعزم اور ہمیشہ کی طرح پاک آرمی کے آفیسرز اور جوان وطن عزیز کی حفاظت کی خاطر اپنی جان کی پرواہ کئے بغیر دفاعِ وطن کا مقدس فریضہ سر انجام دے رہے ہیں۔ قصور بارڈر پر یونٹ میں فوجی جوانوں نے گھر سے دور عید منائی۔ فوجی جوانوں کا کہنا ہے گھر کی یاد تو آتی ہے مگر وطن کا قرض بھی ادا کرنا ہے۔ سرحدوں پر موجود ہیں تاکہ ہمارے عوام سکون سے سوئیں۔ ہماری عید کی خوشیوں اور رونقوں کے ضامن ہماری سرحدوں کے وہ محافظ ہیں جو عید کے موقع پر بھی اپنے چاہنے والوں سے میلوں دور اپنے فرائض کو بخوبی سر انجام دینے میں مصروف عمل ہیں۔ عیدالاضحیٰ  کے موقع پر ہمارے جوانوں اور آفیسرز کا کہنا ہے کہ: “ہماری طرف سے تمام اہل وطن کو عیدالاضحیٰ مبارک” “ہم اپنے ہم وطنوں کی حفاظت کے لیے ہمیشہ یہاں موجود رہیں گے” “یہ عید قرباں ہے اور ہماری قربانی یہی ہے کہ ہم اپنے ہم وطنوں کی حفاظت کے لیے اپنی عیدیں قربان کر رہے ہیں اور کرتے رہیں گے ” “ہمارا وطن عزیز سے یہ عہد ہے کہ ہم دفاع وطن میں کسی بھی قربانی سے دریغ نہیں کریں گے” پاکستان کی سرحدوں کے محافظ دفاعِ وطن کے لئے دُشمنوں کے سامنے سینہ سپر ہیں۔ جب تک اس پاک دھرتی کے بہادر سپوت کھڑے ہیں پاکستان پر کوئی آنچ نہیں آئے گی۔