ملک بھر میں عیدالاضحیٰ جوش و جذبے سے منائی جارہی ہے

06-29-2023

(لاہور نیوز) ملک بھر میں آج عیدالاضحیٰ مذہبی جوش وجذبے کے ساتھ منائی جا رہی ہے۔

صوبائی دارالحکومت کے مختلف شہروں میں نماز عید کے اجتماعات منعقد ہو رہے ہیں جن میں ملک میں امن و امان اور خوشحالی کے لیے خاص دعائیں کی جا رہی ہیں۔ نمازِ عید کے اجتماعات کے دوران سکیورٹی کے انتہائی سخت انتظامات کئے گئے ہیں جبکہ مساجد اور امام بارگاہوں کے باہر پولیس کی نفری بھی تعینات ہے۔ لاہور سمیت ملک کے تمام چھوٹے بڑے شہروں میں فرزندان توحید سنت ابراہیمی کی پیروی کرتے ہوئے جانوروں کی قربانی بھی کر رہے ہیں۔ دوسری جانب عیدالاضحیٰ کے موقع پر وزیر اعظم شہباز شریف کی جانب سے پوری قوم کو مبارکباد پیش کی گئی ہے۔ وزیر اعظم کا اپنے پیغام میں کہنا تھا کہ مساوات، تزکیہ نفس اور دل کی طہارت قربانی کے عظیم ثمرات ہیں، آج کے روز سیلاب کی تباہ کاریوں میں بے گھر ہونے والوں کو ضرور یاد رکھیں۔ شہباز شریف کا کہنا تھا کہ بھرپور احساس ہے کہ پاکستان اس وقت مہنگائی کی زد میں ہے، حکومت اپنی تمام تر توانائیاں عوام کو ریلیف کی فراہمی کیلئے بروئے کار لارہی ہے۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ اللہ تعالی عالم اسلام کو امن و سلامتی کا گہوارہ بنائے، کشمیر اور فلسطین کے مسلمانوں کو بھی آزادی عطا فرمائے۔