عید قربان پر قصابوں نے چھریاں ’’تیز‘‘ کر لیں

06-28-2023

(لاہور نیوز) عید قربان پر قصابوں نے چھریاں ’’تیز‘‘ کر لیں۔ قربانی کے جانور ذبح کرنے کیلئے چھریوں اور بغدوں کی قیمتوں میں ہوشربا اضافہ ہو گیا۔

گزشتہ برس کے مقابلے میں چھریوں کی قیمتیں 50 سے 100 فیصد تک بڑھ گئیں۔ تکبیر والی چھری 500 روپے سے 1500 روپے تک دستیاب ہے۔ کھال اتارنے والی چھری 200 سے 500 روپے تک مل رہی ہے۔ گوشت بنانے والی نارمل چھری 300 سے500 روپے کی ہے۔ اچھی کوالٹی کی چھری 1200 سے 2000 روپے تک بیچی جا رہی ہے۔ گوشت بنانے والی مڈھی 120 روپے فی کلو تک فروخت کی جا رہی ہے۔ شہری کہتے ہیں مہنگائی ہر چیز کو نگل رہی ہے۔ اوزار اچھے ہوں گے تو قربانی اچھے طریقے سے کی جا سکے گی۔ قصاب مہنگے ہیں تو چھریاں بھی سستی نہیں۔ شہریوں نے نئے اوزاروں کی خریداری کے ساتھ پرانی چھریاں بھی تیز کروانی شروع کر دی ہیں۔ ادھر پہلے روز بکرا ذبح کرنے کاریٹ 6 سے 7 ہزار روپے مقرر، گائے کے 25 ہزار اور اونٹ کے 35 ہزار روپے ہوں گے۔ دوسرے روز بکرے کے 5 سے 6 ہزار روپے لیے جائیں گے۔ گائے کے 20 سے 22 ہزار، اونٹ کے 25 سے 30 ہزار روپے ہوں گے۔ تیسرے روز بکرا ذبح کرنے کے 4 سے 5 ہزار ، گائے کے 20 ہزار اور اونٹ کے 22 سے 25 ہزار روپے مقرر ہیں۔