قربانی کے جانوروں کے چارہ کے لیے مختلف مقامات پر سٹالز لگ گئے

06-28-2023

(لاہور نیوز) عید الاضحٰی پر قربانی کے جانوروں کی خریداری کے ساتھ ان کی خدمت کی بھی تیاریاں جاری ہیں۔

جانوروں کے چارہ کے لیے شہر میں مختلف مقامات پر سٹالز لگ گئے۔ بکرے، چھترے، دنبے، ویہڑے اور اونٹ کے لیے چارہ خریدا جارہا ہے۔ جانوروں کے لیے چارہ خریدنے میں بچے خصوصی دلچسپی کا اظہار کر رہے ہیں۔ چارہ کے سٹالز پر جانوروں کے لیے چوکر، توڑی خریدنے والوں کا رش لگا ہے۔ قربانی کے جانوروں کے لیے لوسن، جنتر، جامن کے پتے بھی خریدے جارہے ہیں۔ چارہ کے سٹالز پر جنتر اور لوسن 35 روپے کلو اور 1400 روپے من فروخت کیا جا رہا ہے۔ گزشتہ برس چارہ کے نرخ 20 روپے فی کلو اور 800 روپے من تھا۔ جانوروں کے لیے دانہ 220 روپے فی کلو ، توڑی 50 روپے فی کلو فروخت کی جارہی ہے۔ گزشتہ برس دانہ 120 روپے کلو ، توڑی 40 روپے فی کلو فروخت کی جاتی رہی۔