پاکستان کے ساتھ جلد معاہدے کیلئے کوشاں ہیں: آئی ایم ایف مشن چیف

06-27-2023

(لاہور نیوز) آئی ایم ایف کے مشن چیف نیتھن پورٹر نے کہا ہے کہ گزشتہ چند روز میں حکومت پاکستان نے بڑے اہم معاشی فیصلے کیے، پاکستان کے فیصلے معاشی اصلاحات کی طرف اہم پیش رفت ہیں۔

اپنے ایک بیان میں نیتھن پورٹر نے کہا ہے کہ پاکستان کی اہم معاشی فیصلہ سازی سے قرض پروگرام کے معاملات میں بہتری ہوئی ہے، پارلیمنٹ سے پاس ہونے والے بجٹ میں ٹیکس آمدن بڑھانا احسن قدم ہے، ٹیکس آمدن بڑھنے سے سماجی شعبے اور ترقیاتی کاموں کیلئے فنڈز مہیا ہو سکیں گے۔ آئی ایم ایف مشن چیف نے مزید کہا کہ مانیٹری پالیسی میں سختی سے پاکستان میں مہنگائی کو کنٹرول کرنے میں مدد ملے گی، فارن ایکسچینج مارکیٹ میں بہتری سے بیلنس آف پیمنٹ کا دباؤ کم ہوسکے گا، پاکستان کے ساتھ مذاکرات جاری رکھیں گے، پاکستان کے ساتھ جلد معاہدے کیلئے کوششیں کر رہے ہیں۔