پنجاب ریونیو اتھارٹی کی شاندار کارکردگی، ٹیکس وصولی کا ہدف عبور کر لیا

06-27-2023

(لاہور نیوز) پنجاب ریونیو اتھارٹی نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے دو مرتبہ اضافے کے باوجود ٹیکس وصولی کا ہدف عبور کر لیا۔

پی آر اے کی ایک اور ہیٹرک، تمام ریونیو اتھارٹیز سے بازی لے گیا، چیئرمین پی آر اے جاوید بدر کے مطابق اتھارٹی نے رواں مالی سال ختم ہونے سے چار دن قبل اب تک 197 ارب سے زائد کا ہدف عبور کر کے اہم سنگ میل کی بنیاد رکھی۔انہوں نے کہا کہ ہم پُر اُمید ہیں کہ رواں سال ختم ہونے تک 200 ارب روپے وصول کر کے ریکارڈ قائم کریں گے، پنجاب ریونیو اتھارٹی نے رواں سال ماہ جون میں اب تک 23 ارب روپے سے زائد کا ٹیکس جمع کر لیا ہے۔ ترجمان پی آر اے کے مطابق گزشتہ مالی سال ماہ جون میں 16 ارب 70 کروڑ روپے جمع ہوئے تھے، پی آر اے کی ٹیکس وصولی گزشتہ برس ماہ جون کے مقابلے میں 38 فیصد سے زائد ہے۔پنجاب ریونیو اتھارٹی کو پنجاب حکومت کی جانب سے پہلے 190 ارب روپے کا بنیادی ہدف دیا گیا جو بعد میں بڑھا کر 195 ارب کر دیا گیا تھا، آخر میں پی آر اے کا ہدف مزید بڑھا کر 197 ارب روپے کر دیا گیا۔ یہ وصولی گزشتہ سال کے مقابلے میں 26.5 ارب زیادہ ہے، رواں مالی سال میں پی آر اے نے ماہ مئی اور جون میں 42 ارب 30 کروڑ روپے ٹیکس جمع کیا جو گزشتہ سال کے مقابلے میں 33 فیصد زائد ہے۔پی آر اے ترجمان نے کہا کہ گزشتہ سال پی آر اے کو فیڈرل بورڈ آف ریونیو سے ان پٹ ٹیکس کی مد میں 15 ارب وصول ہوئے تھے جو اس سال نہ ملنے کے باوجود پی آر اے نے ٹیکس ہدف کامیابی سے عبور کر کے اہم ریکارڈ بنایا۔ ترجمان کے مطابق گزشتہ چند برسوں سے پی آر اے ٹیکس ہدف کو کامیابی سے عبور کرتا آ رہا ہے، ملکی معیشت و کاروباری بدحالی کے پیش نظر رواں مالی سال میں سروسز کی مجموعی گروتھ 0.86 فیصد رہی پھر بھی کامیابی کی سیڑھی چڑھنا پی آر اے کی بڑی جیت ہے۔ترجمان کے مطابق رواں مالی سال کے جولائی سے جون کے اعداد و شمار کے مطابق 197 ارب روپے سے زائد سیلز ٹیکس وصول کر لیا گیا ہے، گزشتہ سال اسی دورانئے میں سیلز ٹیکس کی مد میں 170 ارب 50 کروڑ روپے وصول ہوئے تھے۔