سی ٹی ڈی نے عید الاضحیٰ پر دہشت گردی کا بڑا منصوبہ ناکام بنا دیا

06-27-2023

(لاہور نیوز) محکمہ انسداد دہشتگردی (سی ٹی ڈی) نے عید الاضحیٰ پر دہشت گردی کا بڑا منصوبہ ناکام بنا کر حساس شہروں سے داعش کی خاتون رکن سمیت 9 دہشت گردوں کو گرفتار کر لیا۔

سی ٹی ڈی حکام کے مطابق سکیورٹی فورسز نے ملتان، بہاولپور اور ڈی جی خان میں انٹیلی جنس بیسڈ کارروائی کے دوران خاتون سمیت 9 دہشت گردوں کو گرفتارکر لیا جن کا تعلق کالعدم تنظیم سے ہے، گرفتار خاتون بھی کالعدم داعش کے نیٹ ورک کی متحرک رکن ہے۔ دہشت گردوں سے ہینڈ گرنیڈ، خودکش جیکٹ بنانے کا سامان اور نقدی برآمد کی گئی، گرفتار دہشت گردوں میں عدنان، عبدالحلیم، شیراز، بلقیس اور عمر بن خالد نام  کے افراد شامل ہیں، کالعدم تنظیم کے نیٹ ورک عید الاضحیٰ پر دہشت گردی کا منصوبہ بنا رہے تھے، دہشت گردوں کے خلاف مقدمات درج کرکے تفتیش شروع کردی ہے۔