مہنگائی نے غریب کی کمر توڑ کر رکھ دی، 6 سبزیاں مزید مہنگی

06-27-2023

(لاہور نیوز) مہنگائی نے غریب کی کمر توڑ کر رکھ دی۔ سرکاری سطح پر 6 سبزیاں مزید مہنگی ہو گئیں۔

شہر میں مہنگائی کے ڈیرے برقرار ہیں۔ پولٹری مصنوعات بدستور عوام کی پہنچ سے دور ہے۔ برائلر گوشت 663 روپے فی کلو ہے۔ فارمی انڈے 233 روپے فی درجن مل رہے ہیں۔ سبزیوں اور پھلوں کی خریداری بھی مشکل ہو گئی ہے۔ سرکاری ریٹ لسٹ میں 6 سبزیاں اور 4 پھل مزید مہنگے کر دئیے گئے۔ اوپن مارکیٹ میں سبز مرچ 140 ، پیاز 80 ، ٹماٹر 120 روپے فی کلو ہیں۔ ادرک 900 اور لہسن 480 روپے فی کلو بیچا جا رہا ہے۔ بینگن اور کریلے 70 ، پالک  50 ، پھول گوبھی 130، بند گوبھی 50   روپے فی کلو میں دستیاب ہے۔ پھلوں میں سیب کالا کولو  470 ، آڑو 330، پپیتا 350 ، تربوز 60 روپے فی کلو بکنے لگا۔ عوام کہتے ہیں اس ہوشربا مہنگائی میں غریب جائے تو کہاں جائے۔ مارکیٹ میں سرکاری نرخ ناموں کو مسلسل نظر انداز کیا جا رہا ہے۔ دکاندار من مانی قیمتیں وصول کر رہے ہیں۔