معروف لوک گلوکار حامد علی بیلا کو مداحوں سے بچھڑے 22 سال بیت گئے

06-27-2023

(لاہور نیوز) معروف لوک گلوکار حامد علی بیلا کو مداحوں سے بچھڑے 22 سال بیت گئے۔ حامد علی بیلا کی میٹھی آواز کا سحر برسوں بعد بھی برقرار ہے۔

دلوں میں اتر جانے والا صوفیانہ کلام اور حامد علی بیلا کی روح کے تار چھیڑ دینے والی میٹھی آواز، درویش صفت گلوکار کچھ اس طرح ڈوب کر کافیاں ، غزلیں اور گیت گاتے کہ سننے والوں پر سحر طاری ہو جاتا۔ مادھو لال حسین کا کلام تو حامد علی بیلا کی پہچان بن گیا۔ پٹیالہ گھرانے کی یہ آواز سب سے پہلے ریڈیو پاکستان سے گونجی اور پھر شاہ حسین ، غلام فرید اور محمد بخش کی کافیاں گاتے گاتے یہ فقیر منش فنکار، فن اور شہرت کی بلندیاں پاتا گیا۔ حامد علی بیلا نے شاہ حسین کی لکھی ایک کافی گائی جو آج بھی ان کی پہچان ہے۔ مسحور کن لوک اور صوفیانہ گائیکی کی بدولت پرائڈ آف پرفارمنس سمیت کئی ایوارڈ پائے مگر تنگ دستی نے ان کا پیچھا نہ چھوڑا۔ حامد علی بیلا نے اندرون لاہور میں ایک کمرے کے مکان میں عمر گزار دی۔ یہ عظیم فنکار اسی کسمپرسی میں 27 جون 2001ء کو دنیا سے رخصت ہو گیا۔