نواز شریف اور آصف زرداری کی ملاقات، نگران سیٹ اپ اورعام انتخابات پر مشاورت

06-27-2023

(ویب ڈیسک) دبئی میں پاکستان کی دو بڑی اتحادی جماعتوں کے رہنماؤں کا اکٹھ ، مسلم لیگ (ن) کے قائد نواز شریف اور پیپلزپارٹی کے شریک چیئرمین آصف علی زرداری کے درمیان اہم ملاقات ہوئی ہے۔

میاں نوازشریف اور آصف زرداری کے درمیان دبئی میں ہونے والی ملاقات میں مسلم لیگ ن کی چیف آرگنائزر و سینئر نائب صدر مریم نواز اور پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو بھی شریک تھے۔ ذرائع کے مطابق اس اہم بیٹھک میں عام انتخابات کیلئے اسمبلیوں کی تحلیل کی تاریخ، عبوری حکومت اور سیٹ ایڈجسٹمنٹ پر بات چیت کی گئی جبکہ موجودہ سیاسی صورتحال اور آئندہ کے لائحہ عمل پر بھی مشاورت ہوئی ۔ ملاقات میں نواز شریف کی وطن واپسی پر بھی مشاورت ہوئی ، موجودہ اہم سیاسی پیشرفت کا جائزہ بھی لیا گیا جبکہ ن لیگ اور پیپلزپارٹی نے ملاقاتیں جاری رکھنے پر اتفاق کیا۔ ذرائع کے مطابق دونوں جماعتوں کے قائدین کی عید کے بعد دوبارہ ملاقات ہوگی، جس میں اہم فیصلے کئے جانے کا امکان ہے۔ قائد مسلم لیگ ن کی جانب سے سابق صدر آصف علی زرداری کے لئے عشائیے کا بھی اہتمام کیا گیا۔