موسلادھار بارش سے کاروباری مراکز بھی پانی میں ڈوب گئے

06-26-2023

(لاہور نیوز) موسلادھار بارش سے کاروباری مراکز بھی پانی میں ڈوب گئے۔ کاروبار زندگی تھم سا گیا۔

ہر طرف پانی ہی پانی نظر آنے لگا۔ گلیوں اور شاہراہوں پر ٹریفک چلنا مشکل ہو گئی۔ رہائشی علاقوں کے ساتھ کاروباری مراکز بھی پانی میں ڈوب گئے۔ بیڈن روڈ پر ہارڈویئر مارکیٹ بھی بارشی پانی سے متاثر ہو گئی۔ سب کچھ پانی نے اتھل پتھل کر دیا، نہ ٹرانسپورٹ پہنچی نہ کوئی پیدل پہنچ سکا۔ کاروباری مراکز کھل ہی نہ سکے۔ بیڈن روڈ سے وابستہ افراد کہتے ہیں کہ بارش نہ ہو تو گرمی جان لیتی ہے، بارش ہو گئی تو بھی پھنس گئے، انتظامیہ پتہ نہیں کہاں ہے؟ مال روڈ پر بھی صورتحال ایسی ہی رہی۔ مال روڈ گورنر ہاؤس کے سامنے ٹریفک چلنا مشکل ہو گئی۔ کہیں موٹر سائیکل بند ہوئی تو کہیں گاڑی جواب دے گئی۔ مزید بارش مزید مسائل پیدا کرے گی اور انتظامیہ بس کوشش ہی کرے گی۔