شہر میں موسلادھار بارش نے جل تھل ایک کر دیا

06-26-2023

(لاہور نیوز) شہر میں موسلادھار بارش نے جل تھل ایک کر دیا ۔ بادامی باغ، سبزی منڈی بھی بارش کے پانی میں ڈوب گئی۔

شہر میں موسلادھار بارش نے ہر طرف پانی ہی پانی کر دیا۔ بادامی باغ سبزی منڈی ندی نالے کا منظر پیش کرنے لگی۔ سبزی منڈی میں کئی کئی فٹ بارش کا پانی جمع ہو گیا۔ گندگی اور بارش کے پانی نے خریداروں اور آڑھتیوں کی مشکلات میں اضافہ کر دیا۔ سبزی منڈی کی صورتحال انتظامیہ کی نظروں سے مسلسل اوجھل ہے۔ بارش کے پانی، کیچڑ اور سبزیوں کی باقیات نے ماحول تعفن زدہ کر دیا۔ شہری سبزیوں کے ساتھ بیماریاں بھی گھروں کو  لے جانے لگے۔ شہری کہتے ہیں حکومت نے بادامی باغ سبزی منڈی کو یکسر نظرانداز کر دیا۔ ہلکی سی بارش بھی ہو جائے تو سیوریج سسٹم بند ہو جاتا ہے۔ بادامی باغ سبزی منڈی میں بارش کا پانی جمع ہونے سے آڑھتی مین روڈ پر سبزیاں رکھ کر فروخت کر رہے ہیں۔