بارش کے دوران مختلف حادثات میں ایک شخص جاں بحق،6 زخمی

06-26-2023

(لاہور نیوز) شہر میں گھنٹوں جاری رہنے والی بارش کے دوران کرنٹ لگنے سے ایک شخص جاں بحق جبکہ چھت گرنے سے خاتون سمیت چھ افراد زخمی ہو گئے۔

ذرائع کے مطابق ٹاؤن شپ کے علاقے پنڈی سٹاپ کے قریب کرنٹ لگنے سے ایک نوجوان جاں بحق جبکہ دوسرا زخمی ہوگیا۔ ابتدائی اطلاعات کے مطابق بارش کے بعد پنڈی اسٹاپ کے مقام پر بڑی مقدار میں پانی جمع تھا اور اسی دوران بجلی کا تار ٹوٹ کر گرگیا، کرنٹ نے موقع پر موجود 2 افراد، جن کی شناخت 15 سالہ حمزہ یوسف اور 14 سالہ علی عباس کے ناموں سے ہوئی، کو اپنی لپیٹ میں لے لیا۔ بروقت امداد نہ ملنے پر حمزہ یوسف موقع پر ہی جاں بحق ہوگیا جبکہ علی عباس کو علاقہ مکینوں نے اپنی مدد آپ کے تحت بچا لیا، زخمی کو علاج کیلئے قریبی اسپتال منتقل کیا گیا ہے۔ دوسری طرف ریسکیو 1122 کے مطابق صوئے آصل چوکی کے قریب واقع ایک گھر کی لکڑی سے بنائی گئی چھت گرگئی ، جس کے ملبے تلے دب کر 50 سالہ جان محمد ولد عبداللہ، 47 سالہ بشریٰ زوجہ جان محمد، 6 سالہ مبشر ولد جان محمد اور 4 سالہ علیزا ولد جان محمد زخمی ہوگئے، جنہیں طبی امداد کیلئے جنرل اسپتال منتقل کردیا گیا۔ اطلاعات کے مطابق علی حسین آباد کے علاقے مراکہ کوارٹر میں واقع ایک اور مکان گھر کی چھت گرگئی جس کے ملبے تلے دب کر ایک شخص زخمی ہوگیا، زخمی کو علاج کیلئے جناح اسپتال منتقل کردیا گیا۔