حلال گوشت کی برآمد میں تمام رکاوٹیں دور کی جائیں گی، ابراہیم حسن مراد

06-26-2023

(لاہور نیوز) نگران وزیر لائیو سٹاک ابراہیم مراد نے کہا ہے کہ حلال گوشت کی برآمد میں حائل تمام رکاوٹیں دور کی جائیں گی۔

نگران وزیر لائیوسٹاک ابراہیم مراد سے میٹ ایکسپورٹرز نے ملاقات کی، سیکرٹری لائیوسٹاک مسعود انور، وائس چانسلر ویٹرنری یونیورسٹی نعیم احمد اور دیگر افسران بھی ملاقات میں شریک تھے۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے ابراہیم مراد نے کہا کہ پنجاب کا ملک میں لائیوسٹاک کے حوالے سے سب سے زیادہ حصہ ہے، دنیا میں سالانہ 2 ہزار ارب ڈالر کی حلال گوشت کی تجارت ہوتی ہے، پاکستان ڈیری پیداوار میں دنیا کا چوتھا بڑا ملک ہے، ڈیری اکنامک پراسیسنگ زون نہ ہونے کے باعث مطلوبہ اہداف حاصل نہیں ہوتے۔ انہوں نے کہا نگران وزیراعلی محسن نقوی زرعی معیشت کے فروغ کے خواہاں ہیں، میٹ ایکسپورٹرز کے مسائل کا حل نکالنے کیلئے ہر ممکن اقدامات کریں گے، گوشت کے برآمد کنندگان کی تجویز وفاقی حکومت تک پہنچائیں گے۔ سیکرٹری لائیو سٹاک مسعود انور کا کہنا تھا کہ میٹ ایکسپورٹرز کیلئے ون ونڈو سہولیات کی فراہمی یقینی بنائیں گے، چین سمیت دیگر ممالک کو بیف کی برآمد سے کروڑوں ڈالر کا زرمبادلہ مل سکتا ہے۔