حال ہی میں بننے والا کلمہ چوک انڈر پاس بھی پانی سے بھر گیا

06-26-2023

(لاہور نیوز) صوبائی دارالحکومت میں موسلادھار بارش سے نشیبی علاقے زیرآب آگئے، حال ہی میں بننے والا کلمہ چوک انڈر پاس بھی پانی سے بھر گیا۔

بارش کے باعث کلمہ چوک انڈر پاس  میں دو سے تین فٹ تک بارشی پانی جمع ہوگیا، کلمہ چوک انڈر پاس کی گریٹنگ اور سیوریج لائنیں بند ہونے سے بارشی پانی جمع ہوا، حال ہی میں سی بی ڈی پنجاب نے کلمہ چوک انڈر پاس کی ری ماڈلنگ کا کام کیا تھا۔ بارشی پانی جمع ہونے سے کلمہ چوک انڈر پاس سے گزرنے والی گاڑیاں اور موٹر سائیکلیں پانی میں بند ہوگئیں، شہری دھکا لگا کر کلمہ چوک انڈر پاس سے موٹر بائیکس کو نکالنے پر مجبور ہو گئے، نکاسی آب نہ ہونے کی وجہ سے شہریوں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔  سی ٹی او لاہور کے حکم پر ڈائیورشن لگا دی گئی، کلمہ چوک کے گردونواح میں اضافی وارڈنز بھی تعینات کر دیے گئے۔