ایف آئی اے کی درخواست مسترد، پرویز الہٰی کو جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھیجنے کا حکم

06-26-2023

(لاہور نیوز) لاہور کی مقامی عدالت نے سابق وزیراعلیٰ پنجاب چودھری پرویز الہٰی کے جسمانی ریمانڈ کی استدعا مسترد کرتے ہوئے جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھیج دیا۔

ضلع کچہری لاہور میں پرویز الہٰی کے جسمانی ریمانڈ پر سماعت ہوئی،ایف آئی اے نے پرویز الہٰی کے 14روزہ جسمانی ریمانڈ کی استدعا کی۔ پراسیکیوشن نے عدالت میں مؤقف اختیار کیا کہ پرویز الہٰی کے خلاف منی لانڈرنگ کی تحقیقات کر رہے ہیں، شواہد موجود ہیں کہ محمد زمان نے پرویز الہی کے لیے منی لانڈرنگ کی، پرویز الہی اس وقت سپیکر پنجاب اسمبلی تھے پبلک آفس ہولڈر تھے۔ ایف آئی اے نے عدالت سے استدعا کی کہ پرویز الہٰی سے تفتیش درکار ہے، عدالت جسمانی ریمانڈ فراہم کرے۔ پرویز الہٰی کے وکیل نے جسمانی ریمانڈ کی مخالفت کرتے ہوئے کہا  پرویز الہٰی کو سیاسی بنیادوں پر دوبارہ گرفتار کیا گیا ہے۔ تفتیشی افسر نے کہا کہ ایف آئی اے نے پرویز الہٰی کو کروڑوں روپے کی مشکوک ٹرانزیکشن کیس میں گرفتار کیا ہے، پرویز الہٰی کو نئے مقدمے میں گرفتار کیا گیا ہے۔ عدالت نے سابق وزیراعلیٰ پنجاب چودھری پرویز الہٰی کے جسمانی ریمانڈ کی استدعا پر فیصلہ محفوظ کر لیا۔ بعد ازاں عدالت نے ایف آئی اے کی جانب سے پرویز الہٰی کے جسمانی ریمانڈ کی استدعا مسترد کرتے ہوئے سابق وزیراعلیٰ پنجاب کو جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھیجنے کا حکم دے دیا۔