پاکستان کی آئی ایم ایف سے 6 ارب ڈالر کی بیرونی فنانسنگ میں نرمی کی درخواست

06-25-2023

(لاہور نیوز) وزارت خزانہ نے عالمی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) سے 6 ارب ڈالر کی بیرونی فنانسنگ کی شرط میں نرمی کی درخواست کر دی، آئی ایم ایف نے وزارت خزانہ کی درخواست پر جائزہ کیلئے گرین سگنل دے دیا۔

تفصیلات کے مطابق قرض پروگرام کی بحالی کیلئے پاکستان کی بھرپور کوششیں جاری ہیں، پاکستان اور آئی ایم ایف کے درمیان مسلسل رابطے ہو رہے ہیں، قرض پروگرام کے معاملے پر آئندہ 2 روز میں بڑے بریک تھرو کا امکان ہے۔ذرائع کے مطابق پاکستان نے بجٹ میں آئی ایم ایف کے تحفظات بھی دور کرنے کا عندیہ دے دیا ہے، پاکستان نے 6 ارب ڈالر کی ایکسٹرنل فنانسنگ پر آئی ایم ایف کو ایک بار پھر ورکنگ فراہم کر دی اور اس پر آئی ایم ایف سے نرمی برتنے کی درخواست کر دی ہے۔ آئی ایم ایف نے وزارت خزانہ کی درخواست پر جائزہ کیلئے گرین سگنل دے دیا، 6 ارب ڈالر کی فنانسنگ میں نرمی کی درخواست کے عوض مزید ٹیکس لگانے کی تیاری کی جا رہی ہیں۔ذرائع کا کہنا ہے کہ بجٹ میں مزید 215 ارب روپے عوام سے وصول کرنے کا آئی ایم ایف کا مطالبہ مان لیا گیا، اخراجات میں 85 ارب روپے کی کٹوتیاں کرنے کی حکمت عملی بھی تیار کر لی گئی۔ آئی ایم ایف نے ٹیکسٹائل شعبے کیلئے سبسڈی ختم کرنے کا مطالبہ کیا ہے، آئی ایم ایف نے کہا ہے کہ سبسڈی کم کر کے بجلی ٹیرف بڑھایا جائے۔