کاروں کی درآمدات میں سالانہ بنیادوں پر54 فیصد کمی ریکارڈ
06-25-2023
(لاہور نیوز) کاروں کی درآمدات میں جاری مالی سال کے پہلے 11 ماہ میں سالانہ بنیادوں پر 54 فیصد کی کمی ریکارڈ کی گئی ہے۔
پاکستان بیورو برائے شماریات کی جانب سے جاری کردہ اعداد وشمار کے مطابق جولائی سے مئی 2023 تک کی مدت میں کاروں کی درآمدات پر 712 ملین ڈالر کا زرمبادلہ صرف ہوا جو گزشتہ مالی سال کی اسی مدت کے مقابلہ میں 54 فیصد کم ہے۔رپورٹ کے مطابق گزشتہ مالی سال کی اسی مدت میں کاروں کی درآمدات پر 1.558 ملین ڈالر کا زرمبادلہ صرف ہوا تھا، مئی 2023 میں کاروں کی درآمدات کا حجم 31 ملین ڈالر ریکارڈ کیا گیا جو گزشتہ سال مئی کے مقابلہ میں 80 فیصد کم ہے۔ اعداد وشمار کے مطابق گزشتہ سال مئی میں کاروں کی درآمدات پر 156 ملین ڈالرکا زرمبادلہ صرف ہوا تھا، اپریل کے مقابلہ میں مئی میں کاروں کی درآمدات میں ماہانہ بنیادوں پر 30 فیصد کی نمو ریکارڈ کی گئی ہے۔