اداکارہ شگفتہ اعجاز نے اپنی عمر کے حوالے سے وضاحت کردی

06-25-2023

(لاہور نیوز) پاکستان ڈرامہ انڈسٹری کی سینئر و نامور اداکارہ شگفتہ اعجاز نے اپنی عمر کے حوالے سے وضاحت کر دی۔

شگفتہ کا کہنا تھا کہ ان کی عمر اس وقت 52 برس ہے وکی پیڈیا پر ان کی عمر غلط لکھی ہوئی ہے،(وکی پیڈیا پر ان کی عمر 63 برس لکھی گئی ہے)، ٹی وی پر ماضی میں اس طرح دکھایا جاتا تھا کہ وہ زائد العمر لگتی تھیں اور اس وقت انہیں اس بات پر غصہ آتا تھا۔ اداکارہ نے کہا ممکنہ طور پر انہیں کم عمری میں اچھے اور ماں بننے کے کرداروں کی وجہ سے زائد العمر دکھایا جاتا تھا اور وہ کیمرے میں 18 سال کی عمر میں بھی 25 سال کی لگتی تھیں۔ انہوں  نے انکشاف کیا ہے کہ وہ شوبز میں مکمل طور پر آنے سے قبل انٹرنیشنل ایئرلائنز میں ایئرہوسٹس تھیں، پی ٹی وی کے ڈرامے "جانگلوس" سے انہوں نے محض 18 برس کی عمر میں شوبز انڈسٹری میں قدم رکھا۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے شوبز انڈسٹری کو بہت ہی خوبصورت اور اچھی انڈسٹری قرار دیتے ہوئے کہا کہ وہ نہ صرف اپنی بیٹیوں بلکہ دوسری لڑکیوں کو بھی تجویز دیں گی کہ وہ لازمی طور پر اس انڈسٹری میں آئیں۔ اداکارہ کا مزید کہنا تھا کہ میں  نے "آنچ" جیسے ڈراموں میں منفرد کردار ادا کرکے نہ صرف اپنی عزت بنائی بلکہ والدین کا سر بھی فخر سے بلند کیا، دوسری لڑکیاں بھی اس طرح منظم منصوبہ بندی اور اپنی حدود کا تعین کرکے شوبز انڈسٹری کا حصہ بنیں اور وہ ایسے کردار ادا کریں جس پر ان کے والدین بھی فخر کریں۔