چیئرمین پی سی بی کا انتخاب رکوانے کیلئے درخواست سماعت کیلئے مقرر

06-25-2023

(لاہور نیوز) لاہور ہائی کورٹ نے چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کا انتخاب رکوانے کے لیے درخواست سماعت کے لیے مقرر کردی۔

لاہور ہائی کورٹ میں شہری شیخ اقبال کی جانب سے دائر درخواست میں پی سی بی اور وفاقی حکومت سمیت دیگر کو فریق بنایا گیا ہے۔ درخواست گزار کی جانب سے مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ چیئرمین پی سی بی کے انتخاب کے لیے الیکشن 27 جون کو ہونا ہے، الیکشن کرانے کے لیے بورڈ  آف گورنرز کی تشکیل پی سی بی آئین کے خلاف ہے۔ درخواست میں استدعا کی گئی ہے کہ عدالت عالیہ پی سی بی چیئرمین کا الیکشن  روکنے کا حکم دے، لاہور ہائی کورٹ کے جسٹس ساجد محمود سیٹھی 26 جون بروز پیر درخواست پر سماعت کریں گے ۔ دوسری جانب پی سی بی ترجمان کا کہنا ہے کہ بورڈ آف گورنرز کا خصوصی اجلاس منگل کی دوپہر 2 بجے نیشنل کرکٹ اکیڈمی میں ہوگا جس میں اراکین بورڈ آف گورنرز میں سے چیئرمین کا انتخاب کریں گے۔ واضح رہے کہ پیٹرن ان چیف پی سی بی وزیراعظم شہباز شریف کی جانب سے نامزد کردہ ذکاء اشرف چیئرمین شپ کے عہدے کے لیے مضبوط امیدوار ہیں جب کہ نجم سیٹھی نے خود کو چیئرمین کے عہدے سے دستبردار کرلیا ہے۔