علماء کرام کا فوجی تنصیبات پر حملہ کرنیوالوں کو سخت سزائیں دینے کا مطالبہ

06-25-2023

(لاہور نیوز) علماء کرام کے وفد نے جناح ہاؤس لاہور کا دورہ کیا، وفد نے فوجی تنصیبات پر حملہ کرنے والوں کو سخت سزائیں دینے کا مطالبہ کیا ہے۔

اس موقع پر علمائے کرام نے کہا کہ 9 مئی کو جناح ہاؤس پر ہونے والے حملے کی شدید مذمت کرتے ہیں، جناح ہاؤس بابائے قوم اور پاک فوج کا گھر تھا، اس پر حملہ کرنے والے ملک دشمن عناصر ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہم سب یہ سمجھتے ہیں کہ افواجِ پاکستان عالمِ اسلام کی افواج ہیں، پاک فوج کی بقا میں ملک کی بقا ہے، ناگہانی آفات میں بھی پاک فوج کا مثالی کردارہے جو ہمہ وقت عوامی خدمت کے لیے تیار رہتے ہیں، پاکستان کے محافظ صرف وہ لوگ نہیں جو وردی پہن کر کھڑے ہیں، پاکستان کا محافظ ہر محب وطن پاکستانی ہے۔ وفد کا کہنا تھا کہ افواجِ پاکستان جہاں پاکستان کا پرچم بلند رکھنے کی ضامن ہیں ، وہیں افواجِ پاکستان اسلام کا پرچم بھی بلند رکھنے کی ضامن ہیں، افواجِ پاکستان پر انگلی اٹھانے یا ایسا شرمناک اقدام کرنے سے پہلے یہ یاد رکھیے گا کہ ہم پوری قوم اپنی افواج کے ساتھ کھڑے ہیں۔ علماء کرام کے وفد نے ملکی اثاثوں اور فوجی تنصیبات پر حملہ آور شرپسندوں کو قانون کے کٹہرے میں لا کر سخت سزائیں دینے کا مطالبہ بھی کیا۔