وزیراعلیٰ پنجاب نے لائیوسٹاک اور ڈیری ڈویلپمنٹ میں بہتری کا پلان طلب کر لیا

06-25-2023

(لاہور نیوز) نگران وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی نے لائیوسٹاک اور ڈیری ڈویلپمنٹ میں بہتری کا پلان طلب کر لیا۔

نگران وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی کی زیر صدارت لائیو سٹاک اور ڈیری ڈویلپمنٹ کے حوالے سے خصوصی اجلاس ہوا جس میں گوشت اور پولٹری انڈسٹری کے فروغ کے لیے ہنگامی بنیادوں پر اقدامات کا فیصلہ کیا گیا، وزیراعلیٰ نے میٹ ایکسپورٹ کے حوالے سے جامع پالیسی مرتب کرنے کی ہدایت کی۔ اجلاس میں فیصلہ  کیا گیا کہ بیف، مٹن اور پولٹری انڈسٹری کے فروغ میں رکاوٹیں دور کی جائیں گی اور بہاولپور ڈویژن کو میٹ ڈویژن قرار دیا جائے گا، اجلاس میں فواد مختار، نوید اقبال ، پروفیسر طلعت نصیرپاشا نے بریفنگ دی اور تجاویز پیش کیں۔ اجلاس کے شرکاء کو بریفنگ میں بتایا گیا کہ پنجاب میں گوشت اور پولٹری کی ایکسپورٹ سے اربوں ڈالر زرمبادلہ حاصل کیا جا سکتا ہے، سیمن پروٹیکشن، فارم مینجمنٹ اور ویکسی نیشن کے جدید طریقہ کار اپنا نے ضروری ہیں، ایکسپورٹ کے لئے لائیوسٹاک پروڈکشن کی حلال سرٹیفکیشن اور ٹریس ایبلٹی لازمی امرہے۔ بریفنگ میں مزید بتایا گیا کہ پنجاب سعودی عرب اور چین کو اربوں ڈالر کی لائیوسٹاک اورڈیری پروڈکٹس ایکسپورٹ کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے، پولٹری انڈسٹری کو میکانائزیشن کی طرف لے جانا ہوگا۔ صوبائی وزیر ابراہیم حسن مراد، چیف سیکرٹری، چیئرمین پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ، سیکرٹری لوکل گورنمنٹ، سیکرٹری خزانہ اور متعلقہ حکام اجلاس میں شریک تھے، معروف بزنس مین سید یاور علی ویڈیو لنک کے ذریعے اجلاس میں شریک ہوئے۔