پرویز الہٰی ضمانت منظور ہونے کے باوجود جیل سے رہا نہ ہو سکے
06-25-2023
(ویب ڈیسک) وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) کے منی لانڈرنگ کیس میں پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے صدر اور سابق وزیراعلیٰ پنجاب پرویز الہٰی ضمانت منظور ہونے کے باوجود رہا نہ ہوسکے۔
ذرائع کے مطابق روبکار نہ پہنچنے پر پرویزالہٰی کی کیمپ جیل سے رہائی نہ ہوسکی۔ گزشتہ روز کمیپ جیل کے باہر موجود پولیس کی نفری اور بکتربند گاڑی بھی واپس روانہ ہوگئی۔ سپیشل کورٹ سنٹرل نے گزشتہ روز 10 ہزارروپے کے مچلکوں کےعوض پرویزالہٰی کی ضمانت بعد از گرفتاری منظور کی تھی۔ خیال رہےکہ 21 جون کو پنجاب اسمبلی میں غیر قانونی بھرتیوں کےکیس میں اینٹی کرپشن کی عدالت سے ضمانت منظور ہونے کے بعد جیل سے رہا ہوتے ہی ایف آئی اے نے چوہدری پرویز الہٰی کو منی لانڈرنگ کیس میں گرفتار کرلیا تھا۔ ایف آئی کی جانب سے پرویز الہٰی اور مونس الہٰی کے خلاف منی لانڈرنگ کا یہ نیا مقدمہ ایک روز قبل ہی درج کیا گیا تھا۔ وفاقی تحقیقاتی ادارے نے پرویز الہٰی کو جیل سے رہائی کے بعد دوبارہ حراست میں لیا تھا۔