فنی خرابی، ایندھن کی عدم دستیابی: 8 سستے بجلی گھر بند ہو گئے

06-24-2023

(ویب ڈیسک) سستی بجلی پیدا کرنے والے 8 بجلی گھر فنی خرابی اور ایندھن کی عدم دستیابی کے باعث بند ہو گئے، سرکاری تھرمل پاور پلانٹس کے مسائل کی وجہ سے 5 ہزار 406 میگاواٹ بجلی سسٹم سے نکل گئی۔

ذرائع کے مطابق بند پاور پلانٹس کا شمار سستی بجلی پیدا کرنے والے بجلی گھروں میں ہوتا ہے، 547 میگاواٹ اوچ پاور پلانٹ فنی خرابی کے باعث بند ہے، اوچ پاور پلانٹ بجلی گھر 2 روپے 55 پیسے فی یونٹ میں بجلی پیدا کرتا ہے۔ 1230 میگاواٹ تھرکول بجلی گھر بھی فنی خرابی کے باعث بند ہے، تھرکول پاور پلانٹ سے بجلی کی پیداواری لاگت 4 روپے 28 پیسے فی یونٹ ہے، 747 میگاواٹ گدو بجلی گھر جنریٹر کی خرابی کے باعث بجلی پیدا نہیں کر رہا۔ ذرائع کے مطابق گدو پاور پلانٹ سے بجلی کی پیداواری لاگت 8 روپے37 پیسے فی یونٹ ہے، 920 میگاواٹ ٹی پی ایس گدو پاور پلانٹ گیس کی عدم دستیابی کے باعث بند ہے۔ 395 میگاواٹ روش، 151 میگاواٹ ایف کے پی سی ایل بجلی گھر، ایل این جی کی عدم دستیابی کے باعث بند ہیں، ٹی پی ایس 839 میگاواٹ مظفر گڑھ بھی ایندھن کی عدم دستیابی کے باعث بند ہے۔