ڈی آئی جی سندھ پرویز چانڈیو کی سیف سٹیز ہیڈ کوارٹر آمد، مختلف امور کا جائزہ

06-24-2023

(لاہور نیوز) ڈی آئی جی (آئی ٹی) سندھ پولیس پرویز احمد چانڈیو نے پنجاب سیف سٹیز اتھارٹی ہیڈ کوارٹر کا دورہ کیا اور سیف سٹیز کے امور کا جائزہ لیا۔

ترجمان سیف سٹیز کا کہنا ہے کہ منیجنگ ڈائریکٹرمحمد کامران خان نے پنجاب سیف سٹیز کی ورکنگ بارے ڈی آئی جی سندھ پولیس کو تفصیلی بریفنگ دی، ڈی آئی جی پرویز احمد چانڈیو کو خواتین کے تحفظ کیلئے بنائی گئی ویمن سیفٹی ایپ بارے بھی بریف کیا گیا۔ سیف سٹیز ترجمان نے بتایا کہ ڈی آئی جی آئی ٹی سندھ کو ایمرجنسی ہیلپ لائن 15 کی ورکنگ اور کال ڈسپیچ پراسیس بارے بریف کیا گیا، ڈی آئی جی آئی ٹی کو انٹیلی جنٹ ٹریفک مینجمنٹ سسٹم اورفیس ریکگنیشن سسٹم بارے بتایا گیا۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے ایم ڈی سیف سٹیز اتھارٹی محمد کامران خان کا کہنا تھا کہ پنجاب سیف سٹیز اتھارٹی، کراچی سیف سٹی پراجیکٹ کیلئے ہرممکن تکنیکی مدد فراہم کر رہی ہے۔ ڈی آئی جی پرویز احمد چانڈیو نے کہا سندھ کو محفوظ بنانے کیلئے پنجاب سیف سٹیز اتھارٹی کے تجربے سے سیکھ رہے ہیں، پنجاب سیف سٹیز اتھارٹی جدید پولیسنگ کیلئے رول ماڈل کی حیثیت رکھتی ہے۔ ترجمان کے مطابق منیجنگ ڈائریکٹر سیف سٹیز اتھارٹی محمد کامران خان نے ڈی آئی جی سندھ پرویز احمد چانڈیو کو یادگاری شیلڈ پیش کی۔