ایل ڈبلیو ایم سی کا بڑی عید پر بڑا صفائی پلان تیار، عملہ کی چھٹیاں منسوخ

06-24-2023

(لاہور نیوز) لاہور ویسٹ مینجمنٹ کمپنی (ایل ڈبلیو ایم سی) نے عید الاضحٰی پر صفائی کا بڑا پلان تیار کرلیا، 15 ہزار ملازمین کی چھٹیاں منسوخ جبکہ ایک ہزار صفائی ورکرز بھرتی کرلیے۔

عید الاضحٰی  کے موقع پر صفائی کے انتظامات کو یقینی بنانے کے لیے ایل ڈبلیو ایم سی کی جانب سے عید کے ایام میں یونین کونسلز میں 281عید کیمپوں کا قیام عمل میں لایا جائے گا،صفائی ٹیموں کو 3 لاکھ 90 ہزارکلو چونا اور 19 ہزار لٹر فینائل مہیا کر دی گئی ہے۔ پلان کے مطابق عید کے تینوں دن 190 قربان گاہوں کی خصوصی واشنگ کی جائے گی، 24 گھنٹے مانیٹرنگ کے لئے مرکزی دفتر میں نیا کنٹرول روم فعال کردیا گیا  ہے، شہرمیں عارضی  106 ویسٹ کلیکشن  اور ٹرانسفر سٹیشن قائم کیے جائیں گے، آلائشوں کو  تلف کرنے کے لیے 5 ڈمپنگ سائٹس قائم کی گئی ہیں، صفائی آپریشن پر 343  ایکسکیویٹر،956 ڈمپرز آلائشیں اٹھائیں گے،عید پر 3499 پک اپس کی مدد سے ٹرانسپور ٹیشن کو یقینی بنایا جائے گا۔ سی ای او بابر صاحب دین کا کہنا ہے کہ  15ہزار ملازمین کی چھٹیاں منسوخ اور3 روز کیلئے ایک ہزار صفائی ورکرز بھرتی کرلئے گئے ہیں، عید پر لاہوریوں میں 12لاکھ  سے زائد ویسٹ بیگز تقسیم کیے جائیں گے، ایل ڈبلیو ایم سی 175 بڑی مساجد اور عید گاہوں کی صفائی   جبکہ 174 بڑی مارکیٹوں کی مینوئل سویپنگ کرے گی۔