لکھو ڈیر مویشی منڈی میں سہولیات کا فقدان، بیوپاری و خریدار دونوں پریشان

06-24-2023

(لاہور نیوز) لکھو ڈیر مویشی منڈی میں سہولیات کے فقدان کے باعث بیوپاری اور خریدار دونوں ہی پریشان ہیں، انتظامیہ نے بھی معاملے پر چپ سادھ رکھی ہے۔

عیدالاضحی کے لئے صوبائید دارالحکومت میں مویشی منڈیاں تو سج گئیں مگر سہولیات ناکافی ہیں، لکھو ڈیر مویشی منڈی میں سہولیات کی عدم دستیابی سے بیوپاریوں اور خریداروں کی پریشانی بڑھ گئی ہے۔ لکھو ڈیر منڈی میں ٹینٹ لگائے گئے نہ ہی پانی  دستیاب ہے، بجلی بھی غائب، واش روم کی سہولت بھی میسر نہیں ہے،  ضلعی انتظامیہ کی جانب سے سہولیات  نہ ہونے کے برابر ہیں۔ بیوپاریوں کا کہنا ہے کہ سہولیات نہ ملنےسے مشکلات کا سامنا ہے، مافیا جانور بھی کھڑے کرنے کے لئے پیسوں کا تقاضا کر رہا ہے، صفائی کے ناقص انتظامات کی وجہ سے جانوروں کے بیمار ہونے کا بھی اندیشہ ہے، انتظامیہ موبائل فون چارجنگ پر لگانے کیلئے بھی 50 روپے وصول کرتی ہے، اعلیٰ حکام نوٹس لے کر سہولیات فراہم کریں۔