علی ظفر اب بھی پاکستان کے کامیاب ترین آرٹسٹ ہیں: میشا شفیع

06-24-2023

(ویب ڈیسک) معروف گلوکارہ، اداکارہ اور ماڈل میشا شفیع نے عدالت میں اپنے بیان میں گلوکار علی ظفر کے تاحال کامیاب آرٹسٹ ہونے کا اعتراف کیا ہے۔

سیشن کورٹ میں گلوکارہ میشا شفیع کے خلاف گلوکار علی ظفر کی جانب سے دائر کیے گئے ہتک عزت کے دعوے پر سماعت ہوئی، میشا شفیع نے اپنے بیان پر وکلا کی جرح مکمل کرا دی۔ دوران سماعت وکیل علی ظفر نے میشا شفیع سے سوال پوچھتے ہوئے کہا کہ کیا آپ سمجھتی ہیں کہ الزامات سے پہلے علی ظفر پاکستان کے کامیاب ترین آرٹسٹ تھے ؟ جس پر اداکارہ و گلوکارہ نے جواب دیا کہ وہ ابھی بھی ہیں وکیل علی ظفر نے پوچھا کہ آپ جانتی تھیں جنسی الزامات عائد کیے جائیں توبین الاقوامی کمپنیز اس شخص کے ساتھ کام نہیں کرتیں جس پر میشا شفیع نےکہا کہ میں اس بارے میں نہیں سوچ رہی تھی۔ سماعت کے دوران وکیل علی ظفر نے میشا شفیع سے مزید سوال سوالات کرتے ہوئے پوچھا کہ کیا آپ نے علی ظفر کو مالی طور پر کمزور کرنے کے لیے جنسی ہراساں کرنے کے الزامات لگائے۔ جس پر جواب دیتے ہوئے  میشا شفیع نے کہا کہ یہ غلط ہے میں پاکستان کی پہلی خاتون تھی جس نے آواز اٹھائی، میں نے می ٹو سمیت دیگر فورمز پر آواز اٹھائی۔ بعد ازاں عدالت نے درخواست پر مزید کارروائی 20 جولائی تک ملتوی کر دی، یاد رہے کہ جنسی الزامات عائد کرنے پر علی ظفر نے میشا شفیع کے خلاف ہتک عزت کا دعوی دائر کر رکھا ہے۔