قربانی کے گوشت کا استعمال، بے احتیاطی طبی مسائل پیدا کر سکتی: ماہرین

06-24-2023

(ویب ڈیسک) صحت سے متعلق پیچیدہ مسائل سے بچنے کےلیے قربانی کے گوشت کا متوازن استعمال شہریوں کے لیے حد سے زیادہ ضروری ہے۔ صحت سے متعلق مسائل میں خوراک سے پیدا ہونے والی بیماری (ایف بی ڈی) بھی شامل ہے،ایف بی ڈی بیماری کا آلودہ غذا یا مشروبات سبب بنتے ہیں، ان آلودہ کھانوں میں کچا گوشت اور خراب غذا شامل ہیں۔

ان خیالات کا اظہار آغا خان یونیورسٹی کے پروفیسر آف میڈیسن ڈاکٹر ایس ایم وسیم جعفری نے جمعہ کو ڈاکٹر پنجوانی سنٹر برائے مالیکیولر میڈیسن اور ڈرگ ریسرچ (پی سی ایم ڈی)، جامعہ کراچی کے عوامی آگاہی پروگرام کے تحت ”عیدالاضحیٰ پر صحت سے متعلق مسائل“ کے موضوع پر منعقدہ ایک لیکچر کے دوران کیا۔ لیکچر کا انعقاد ڈاکٹر پنجوانی سنٹر جامعہ کراچی اور سندھ انوویشن، ریسرچ اینڈ ایجوکیشن نیٹ ورک (سائرن) کے باہمی تعاون سے ہوا۔ پروفیسر وسیم جعفری نے کہا ہے کہ اسہال، قے کا ہونا، پیٹ درد، متلی، بخار، تھکاوٹ، کمر یا جوڑوں کا درد ایف بی ڈی بیماری کی علامات ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اس مرض میں بہت سی بیماریاں شامل ہیں جو دنیا میں صحت عامہ کا ایک بڑھتا ہوا مسئلہ ہے جو بعض اوقات جان لیوا بھی ہوتا ہے، اس کی وجہ سے ہیضہ، ہیپاٹائٹس اے، ٹائی فائیڈ فیور جیسے پیچیدہ امراض پیدا ہوتے ہیں۔ ایف بی ڈی بیماری کو دو حصوں میں تقسیم کیا جاتا ہے ایک ایف بی ڈی انفیکشن اور دوسری ایف بی ڈی انٹوکسی کیشن ہے۔ انھوں نے کہا خوراک سے پیدا ہونے والی بیماری کی روک تھام میں صفائی کا کردار انتہائی اہم ہے۔ چند اہم احتیاطی اقدامات سے خوراک سے پیدا ہونے والی بیماری کی روک تھام ممکن ہے جن میں ہاتھ اور سطحوں کو اکثردھونا، کھانا علیحدہ پکانا، پکاتے وقت خاص درجہ حرارت کا خیال رکھنا، فوری طور پر فریج میں رکھنا اور ذاتی حفظانِ صحت کا خیال رکھنا شامل ہیں۔ انہوں نے کہا شہریوں کے لیے ضروری ہے کہ وہ عیدالاضحیٰ کے موقع پر متوازن غذا کا استعمال کریں تاکہ صحت سے متعلق متعدد امراض سے بچا جا سکے۔