منی لانڈرنگ کیس، پرویز الہٰی کی ضمانت منظور، رہا کرنے کا حکم

06-24-2023

(لاہور نیوز) منی لانڈرنگ کیس میں صدر تحریک انصاف و سابق وزیراعلیٰ پنجاب چودھری پرویز الہیٰ کی ضمانت منظور کر لی گئی، عدالت نے رہا کرنے کا حکم دے دیا۔

سپیشل سینٹرل کورٹ نے منی لانڈرنگ کیس میں پرویز الہی کی درخواست پر سماعت کی، ایف آئی اے نے پرویز الہیٰ کو عدالت پیش کیا، عدالت نے دونوں جانب سے وکلا کے دلائل سننے کے بعد پرویز الہٰی کی ضمانت منظور کر لی۔ واضح رہے کہ 20 جون کو اینٹی کرپشن عدالت نے پنجاب اسمبلی میں غیر قانونی بھرتیوں کے کیس میں پرویز الہٰی کی ضمانت منظور کی تھی، ایف آئی اے نے 20 جون کو ہی پرویز الہٰی اور مونس الہٰی کے خلاف منی لانڈرنگ کا نیا مقدمہ درج کیا تھا۔ ایف آئی اے کی جانب سے مقدمے میں کرپشن اور منی لانڈرنگ کے الزامات عائد کیے گئے تھے، مقدمے کے متن میں کہا گیا تھا کہ مونس الہٰی نے اپنے والد چودھری پرویز الہٰی کی معاونت سے کرپشن اور منی لانڈرنگ کی۔